یمن کی تحریک انصار اللہ کے پولٹ بیورو نے ایک یمنی گاؤں پر سعودی عرب کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یمنی عوام کے خلاف سعودی جرائم کی ایک کڑی قرار دیا ہے۔
تہران – ارنا – یمن کی انصاراللہ تحریک کے پولٹ بیورو نے صوبۂ صنعا کے ضلع بنی حشیش کے گاؤں “الشریہ” میں لوگوں کے گھروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے یمنی عوام کے خلاف سعودی عرب کے جرائم کے سلسلے کی ایک قرار دیا ہے۔
ارنا کے مطابق انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے اپنے بیان میں زور دے کر کہا ہے کہ یہ جرم سعودی حکومت کی خباثت کو ظاہر کرتا ہے اور گزشتہ 12 برسوں کے دوران اس حکومت کے غیر انسانی اقدامات سے بھری سیاہ تاریخ کا تسلسل ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رہائشی مکانات اور آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنانا اور عام شہریوں کا خون بہانا تمام دینی، انسانی اور اخلاقی اقدار و اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی نیٹ ورک نے رپورٹ دی ہے کہ صنعا کے مشرق میں واقع علاقے بنی حشیش میں متعدد رہائشی مکانات پر سعودی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد شہید اور 30 دیگر زخمی ہوئے۔ ان حملوں کے زیادہ تر متاثرین خواتین اور بچے ہیں۔ صنعا میں المسیرہ کے نامہ نگار نے بتایا کہ سعودی فضائی حملوں میں تباہ ہونے والے پانچ مکانات کے ملبے سے شہداء کی لاشیں نکالنے کا کام اب بھی جاری ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق سعودی لڑاکا طیاروں نے اپنے حملوں کے دوران ضلع بنی حشیش کے علاقے الشریہ میں امدادی کارکنوں کو دو مرتبہ نشانہ بنایا اور اس کے بعد گاؤں کے ایک اور مکان پر دوبارہ حملہ کر کے مزید متعدد افراد کو شہید اور زخمی کر دیا۔
اس رپورٹ کے مطابق، سعودی لڑاکا طیاروں نے گاؤں الشریہ میں حملے کے مقام تک جانے والے راستوں کو بھی نشانہ بنایا اور علاقے کے اوپر وسیع پیمانے پر پروازیں جاری رکھیں۔ المسیرہ نے یہ بھی اطلاع دی کہ گاؤں الشریہ میں امدادی کارکنوں اور ایک دوسرے رہائشی مکان پر سعودی لڑاکا طیاروں کے دوبارہ حملے کے نتیجے میں اس نیٹ ورک کا ایک کیمرہ مین زخمی ہو گیا۔
اس نیٹ ورک کے مطابق، سعودی لڑاکا طیاروں نے تیسری مرتبہ گاؤں الشریہ میں امدادی کارکنوں اور شہریوں کے رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا۔

